آم کی برآمد میں بڑی رکاوٹ دور،انڈیمنیٹی بانڈ کی شرط ختم
غیر ملکی ائر لائنز کے خلاف شکایت پر مسابقتی کمیشن نے آرڈر جاری کردیے
مسابقتی کمیشن نے ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے آم کے برآمد کنندگان کیلئے غیر ملکی ائر لائنز کو لازمی انڈیمنیٹی بانڈ جمع کرانے کی لازمی شرط کے اہم مسئلے کو حل کردیاہے جس سے پاکستان سے آموں کی برآمد میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ مسابقتی کمیشن کو آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ،امپورٹرز اینڈ مرچنٹ ایسوسی ایشن، ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ،امپورٹرز اینڈ مرچنٹ ایسوسی ایشن اور ائر کارگو ایجنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی ائر لائنز کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی کہ وہ مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 3 کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ،شکایت کنند گان کے مطابق یہ ائر لائنز پاکستانی آم کی بیرون ملک برآمد پر زیادہ قیمت وصول کرر ہی ہیں ۔شکایت میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ائرلائن نے برآمد کنندگان کو لازمی انڈیمنیٹی بانڈ جمع کرانے کا بھی پابند کیا ہوا ہے جس سے ٹرانزٹ اور ہینڈلنگ کے دوران اور ڈلیوری میں تاخیر یا نقصان ہونے کی صورت میں ان ائر لائنز نے اپنے آپ کو برآمدکنندگان کو ہرجانہ دینے سے جبری استثناء کیا ہوا ہے ۔سی سی پی کی جانب سے کی گئی انکوائری سے ظاہر ہوا کہ دنیا کے دیگر حصوں میں جاری عام پریکٹس کے بر خلاف تمام ائر لائنز (ماسوائے ترکش ) نے پاکستان آم برآمدکنندگان کو لازمی انڈیمنیٹی بانڈ جمع کرانے کا پابند کیا ہوا ہے ،کمیشن کو شکایت کنندگان کی جانب سے بتایا گیا کہ کمیشن کی جانب سے انکوائری کی شروعات کے بعد ان ائر لائنز نے لازمی انڈیمنیٹی بانڈ جمع کرانے کی شرط ختم کر دی۔