ایف بی آر نے بجٹ اناملی کمیٹی بنادی،ثاقب شیرازی سربراہ
حکومت اہمیت دینا نہیں چاہتی،جاوید بلوانی ، نظر اندازکرنے پرشدید احتجاج
وفاقی حکومت کی ہدایت پر چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاویدامجد نے فنانس بل 2020میں تکنیکی اور قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کیلئے اناملی کمیٹی قائم کردی ہے جس کے چیئرمین اٹلس ہنڈا گروپ کے سربراہ ثاقب شیرازی ہوں گے جب کہ شریک چیئرمین ایف بی آر کے ممبرکسٹمز پالیسی جاوید غنی ہیں،کمیٹی میں ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار کو ایک عام ممبر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر ممبران میں پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک،صدر کے سی سی آئی آغاشہاب اور سیکریٹری جنرل او آئی سی سی آئی عبدالعلیم ودیگرشامل ہیں۔تمام اناملیز کو آج جمعہ19 جون تک بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز اور آئی آرآفس میں جمع کرایا جاسکے گا ۔ ادھر چیئرمین پاکستان اپیرل فورم جاوید بلوانی نے بجٹ اناملی کمیٹی میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر کے حقیقی نمائندوں کو ایک بار پھر نظر اندازکرنے پر شدید احتجاج کیا ہے اورکہا کہ بجٹ کے بعد اناملی کمیٹی میں من پسند لوگوں کو شامل کرنا ظاہر کر رہا ہے کہ حکومتی اکنامک ٹیم حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے مطالبات اور بجٹ تجاویز کو کوئی اہمیت نہیں دینا چاہتی۔