ایکسپورٹرز کو عالمی معیار کی زرعی اجناس کی فروخت میں مشکلات
گندم ، مکئی اور چاول کی کوالٹی کیلئے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے ،ماہرین
پاکستانی ایکسپورٹرز کو عالمی منڈیوں میں بین الاقوامی معیار کی حامل زرعی اجناس کی فروخت میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے زرعی ترقی کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات کے باعث پاکستان میں گندم ، مکئی اور چاول کی فصل ملکی ضروریات سے تجاوز کر گئی ہے لیکن یہ فصل اور پیداوار عالمی معیار کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے وطن عزیز کو اضافی اور وافر مقدار کی برآمدگی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے جس کیلئے متعلقہ اداروں اور حکومتی ارباب اختیار کو فوڈ کوالٹی کی غرض سے فوری ضروری اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اضافی پیداوار کو ضائع ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ اس کی عالمی منڈیوں میں فروخت اور بیرون ملک برآمد کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرتے ہوئے ملکی زراعت و معیشت کو استحکام فراہم کیا جا سکے ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ دیہی اور شہری علاقوں میں دودھ، چینی اور دیگر اشیائے خوردنی سمیت بیشتر اشیا خالص میسر نہیں ہیں اس لیے فوڈ سیکیورٹی اور ملاوٹ کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کو شامل کر کے قومی سطح پر آگہی مہم کی ضرورت ہے ۔