بڑے برآمدی آرڈرز سے روئی اورپھٹی کا بھاؤ تیز
قیمتیں سیزن کی بلند ترین سطح8ہزار900روپے فی من تک پہنچ گئیں
ٹیکسٹائل ملز کو بڑے برآمدی آرڈرز ملنے کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کا رجحان دیکھا گیا،پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز صرف ایک روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں ریکارڈ400روپے فی من کا اضافہ ہوا جس کے باعث روئی کی قیمتیں سیزن کی نئی بلند ترین سطح آٹھ ہزار900روپے فی من تک پہنچ گئیں،آئندہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا امکان ہے ۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ گزشتہ ایک دو روز کے دوران مختلف ٹیکسٹائل ملز کو اسپتال آئٹمز کے علاوہ دیگر ٹیکسٹائل پراڈکٹس کے بھی بڑی مقدار میں برآمدی آرڈرز ملے ہیں لیکن نئی اور معیاری روئی کی فراہمی انتہائی محدود ہونے کے باعث اسکی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ سندھ کی جننگ فیکٹریوں کی جانب سے روئی کی ایڈوانس میں فروخت کے باعث وہاں روئی کے نئے سودے سامنے نہیں آ سکے تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ سندھ میں بھی روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔