ناموافق موسم،بلوچی روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ
قیمتیں200روپے فی من اضافے سے9ہزار200روپے تک پہنچ گئیں
پنجاب اور سندھ میں ناموافق موسمی حالات کے باعث بلوچستان سے آنے والی آلودگی سے پاک پھٹی سے تیار ہونے والی روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو اہے اوربلوچی روئی کی قیمتیں 200 روپے فی من اضافے کے ساتھ سیزن کی نئی بلند ترین سطح 9 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئیں جب کہ پنجاب میں روئی کی قیمتیں 8800اور سندھ میں 8600روپے فی من تک مستحکم ہیں۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال روپے کی بے قدری کے باعث کاٹن ایکسپورٹس میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے لیکن ٹیکسٹائل ملز مالکان کو معیاری روئی کی خریداری میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث پاکستانی ٹیکسٹائل ملز مالکان نے اب تک بیرون ملک سے تقریباً دس لاکھ روئی کی بیلز کے درآمدی معاہدے کر لیے ہیں جن کی ڈلیوری جنوری2020 سے متوقع ہے جبکہ روئی درآمد کے مزید معاہدے بھی متوقع ہیں۔