ٹریکٹر سبسڈی پرپالیسی واضح نہ ہوسکی ،کسان مایوس
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجٹ میں2.5 ارب کی سبسڈی کا اعلان کیاتھا
ٹریکٹر کی سبسڈی کے حوالے سے پالیسی واضح نہ ہونے پر کسانوں مایوس ہوگئے اورانہوں نے زرعی ٹریکٹرزکی خریداری شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گزشتہ ماہ 50 ارب زرعی پیکیج کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مقامی طور پر تیار ٹریکٹرز پر سیلز ٹیکس پر 2.5 ارب سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا،اس اعلان سے پچھلے مہینے ٹریکٹرز کی فروخت متاثر ہوئی اور گزشتہ ماہ صرف 1843 یونٹ فروخت ہوئے جبکہ پچھلے سال اسی مہینے 3599 یونٹس فروخت کیے گئے تھے ۔حیدرآباد کے ایک ٹریکٹر ڈیلر شیخ وقاص نے کہا کہ ٹریکٹروں کی فروخت پچھلے مہینے سے تعطل کا شکار تھی کیونکہ خریدار قیمتوں میں کمی کی توقع کر رہے تھے ، تاہم ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے ،سیلز ٹیکس پر سبسڈی سے ٹریکٹر کی قیمت میں کمی کی امید ختم ہوگئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ٹریکٹرز پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد میں بہت زیادہ وقت لگا اور ٹریکٹرز کی فروخت شدید متاثر ہوئی تھی۔