کاشتکاروں کوفصلوں کے معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تحقیقی ادارے ہمہ وقت کوشاں ہیں، ڈائریکٹر زراعت
ڈائریکٹر زراعت ساہیوال محمد فاروق جاوید نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو نقد آور فصلوں کے معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تحقیقی ادارے ہمہ وقت کوشاں ہیں تا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور کاشتکاروں کی آمدنی بڑھے۔ مکئی،جوار اور باجرہ کا تحقیقی ادارہ یوسف والا بھی کاشتکاروں کی ضروریات کے مطابق معیاری بیج تیار کر رہا ہے جو انہیں ارزاں نرخوں پر فراہم کیا جاتا ہے۔
یہ بات انہوں نے ادارے میں فارمرز ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے ہر شعبہ ہائے زندگی کو بدلتے ہوئے عصری تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا انتہائی اہم ہے، زراعت پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے لئے بدلتے ہوئے موسمی حالات اور خوراک کی دن بدن بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے اچھی پیداواری صلاحیت کے حامل بیجوں اور ان کی پیداواری ٹیکنالوجی کو کسان تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فارمر ڈے پر ادارہ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چئیرمین پیر نسیم الدین، ڈائریکٹر پوٹیٹو ڈاکٹر سید اعجازالحسن، رانا حبیب الرحمن ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال، اظہر فاروق بھٹہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع چیچہ وطنی، چوہدری مقصود احمد جٹ، محمد سعید رندھاوا چئیرمین کسان بورڈ ساہیوال اور کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مکئی، جوار اور باجرہ کی جدید اقسام کا تعارف کرایا گیا اور کاشتکاروں کو نمائشی پلاٹ کا دورہ کروایا گیا اور کاشتکاری کے رہنما اصول بتائے گئے جس سے شرکاء کی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ بعد ازاں ڈائریکٹر زراعت فاروق جاوید نے ادارہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس تربیتی نشست پر اطمینان کا اظہار کیا۔