Potato Herbs
جڑی بوٹیوں کی تلفی
جڑی بوٹیاں فصل کے ساتھ کھاد،پانی،روشنی ودیگر غذائی اجزاء کیلئے مقابلہ کرتی ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق جڑی بوٹیاں آلو کی پیداوار میں تقریباً 25 سے30 فیصد تک کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔اس کے علاوہ یہ مختلف بیماریوں کیلئے میزبان پودوں کا کردار بھی ادا کرتی ہیں۔
آلو کی فصل میں چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیاں مثلاًباتھو،کرنڈ،اٹ سٹ ،گاجر بوٹی،شاہترہ ،چولائی ،جنگلی پالک،مینا وغیرہ کے ساتھ ساتھ گھاس نما جڑی بوٹیاں مثلاًڈیلا ،سوانکی ،دمبی سٹی اور مدھانہ گھاس بھی پائی جاتی ہیں۔ ان کے کیمیائی تدراک کیلئے جب جڑی بوٹیاں اُگ آئیں اور فصل ابھی نہ اُگی ہو تو اس وقت گرامو کسون200 ایس ایل 1 لٹر فی ایکڑ کے حساب سے اسپرے کریں۔
آلو کا اُگاؤ ہونے سے پہلے ڈوآل گولڈ 800 ملی لٹر یا زینکر یا میٹری بوزین 70 فیصد 250 گرام یا پنیڈی میتھالین (سٹامپ 330 ای سی) 1000 سے 1200 ملی لٹر فی ایکڑ کے حساب سے اسپرے کریں۔
آلو کی بیماریاں اور کنٹرول
آلو کی فصل پر بہت سی بیماریاں مثلاً گیتایا پچھیتا جھلساؤ ،اکھیڑا ،سفوفی اور کالی ماتا ،لیف رول اور مرجھاؤ وغیرہ حملہ آور ہوتی ہیں۔وائرسی بیماریوں (لیف کرل وائرس) کے تدراک کیلئے رس چوسنے والے کیڑوں (سست تیلہ،سفید مکھی اور چست تیلہ) کے کنٹرول میں دی گئی زہریں استعمال کریں کیونکہ رس چوسنے والے کیڑے وائرس سے متاثر پودوں کا رس چوستے وقت ان میں یہ بیماری منتقل کردیتے ہیں۔اس وائرسی بیماری کی پودوں تک منتقلی کو روکنے کیلئے آسان طریقہ یہ ہے کہ رس چوسنے والے کیڑوں کا شروع ہی سے خاتمہ کریں۔اس کے علاوہ بیمار پودے نظر آتے ہی اُکھاڑ دیں۔